مردان‘ چلاس‘ سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) مردان‘ چلاس‘ وادی بابوسر ٹاپ اور گردو نواح میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی ریلے بن گئے۔ سیلاب سے مختلف مقامات پر شاہراہ قراقرم بند ہو گئی۔ دیامر اور گردونواح میں سیلابی صورتحال ہے۔ چلاس کی وادی ہڈور اور وادی منیکال میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔ سیلاب کے باعث مکانات‘ باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ باجوڑ میں بھی تیز بارش ہوئی۔ راولپنڈی ‘ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ شکر گڑھ اور ظفر وال میں بھی بارش ہوئی۔ دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ بھوکاں پتن کے مقام پر پانی کی سطح پھر بلند ہو گئی ہے۔ متعدد حفاظتی بند ٹوٹ گئے۔ درجنوں آبادیوں کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔ عارفوالا میں ڈھولہ پتن کے مقام پر پانی کی سطح برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب‘ خیبر پی کے‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔
موسلادھار بارش‘ ریلے‘ شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بند
Aug 07, 2023