چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے دوران مزاحمت‘ 13 افراد پر مقدمہ

Aug 07, 2023

لاہور‘ سیالکوٹ (نامہ نگاران) تھانہ ریس کورس پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے پر ایس ایچ او کی مدعیت میں ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں علی ضیائ، اویس خان ، تبسم اقبال، محمد الیاس سمیت13 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ تھانہ ریس کورس میں ایس ایچ او  ریحان انوار کی مدعیت میں ڈکیتی، کار سرکار میں مداخلت سمیت 9 دفعات کے تحت  مقدمہ درج  کیا گیا ہے۔ مقدمہ کے متن میں کہا گیا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران کو گرفتار کرنے پہنچے تو گھر میں موجود افراد نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ چھینا اور اسلحہ پولیس پر تان لیا۔ ملزمان پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے۔ دوسری طرف سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والے 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ کچہری میں پولیس نے احتجاج کرنے اور نعرے بازی کرنے کے الزام میں عبداللہ سمیت 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

مزیدخبریں