بھارت دنیا کا بڑا دہشت گرد ملک‘ نہتے کشمیریوں کو محصور کررکھا ہے‘ چوہدری عبدالمجید

Aug 07, 2023

میرپور(نامہ نگار)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت کی انتہا پسند جماعت کے وزیراعظم نریندر مودی نے 05 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا۔ ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد گزشتہ چار سالوں میں فوجی طاقت سے بھارت نے نہتے کشمیریوں کو ان کے گھروں میں محصور کررکھا ہے جو اقوام متحدہ اور بین اقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ حریت راہنما یاسین ملک پر جھوٹے مقدمات بنا کر ان کو عمر قید اور سزائے موت کی سزائیں عالمی منصفوں کینہ پر طمانچہ ہے۔سلامتی کونسل حریت راہنما یاسین ملک سمیت تمام گرفتار شدگان کی رہائی کروائے۔بھارت دنیا کا بڑا دہشت گرد ملک ہے جس نے مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کے اندر اقلیتیوں کے حقوقِ بری طرح غصب کررکھے ہیں جو ہر لحاظ سے بین الاقوامی قوانین کے مطابق قابل مواخذہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہون نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کے حصول کے لئے کئی نسلیں قربان کردی لیکن وہ بھارتی درندگی کے سامنے سرنگوں نہ ہوئے ہیں اور نہ آئندہ ہونگے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے فوجی  طاقت اور ظلم و جبر کا ہر حربہ استعمال کرکے دیکھ لیا لیکن وہ کشمیریوں کے ولولہ آزادی کو سرد کرنے میں بری طرح ناکام رہا اسی وجہ سے بھارت 05 اگست 2019 کا غیر قانونی اقدام کرکے وہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں غیر ریاستی اور انتہا پسند ہندوؤں کی آباد کاری کرکے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کررہا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے منظور کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ یوکرائن پر روسی حملہ کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں فوری حرکت میں آجاتی ہیں لیکن مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر جو گزشتہ 76 سالوں سے بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے اس پرکسی بھی عالمی طاقت کے  کان  پر جوں تک  نہیں رینگی۔اسی وجہ سے بھارت کشمیریوں پر ظلم و جبر کررہا ہے اور وہ کسی عالمی قانون کو تسلیم نہیں کرتا۔

مزیدخبریں