اسلام آباد(نا مہ نگار)استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن کا ایک قطرہ نظر آیا ہے، پوری داستان سامنے آنا ابھی باقی ہے۔عبدالعلیم خان کا چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردِعمل میں کہنا ہے کہ تکبر اللہ تعالی کو پسند نہیں جو اپنے دوستوں اور اپنے محسنوں کا نہیں وہ ملک کا بھی نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن ابھی سامنے نہیں آئی، انہوں نے نہ کوئی گھڑی چھوڑی نہ کوئی ہیرا۔علیم خان نے کہا کہ بزدار اور فرح گوگی کی گرفتاری تک تمام شواہد سامنے نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے شواہد کے لیے ہمیں کسی فورم پر بلایا گیا تو پیش ہوں گے۔عبدالعلیم خان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لوگ مشاورت کر کے اپنے دوستوں کے ساتھ ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ پورے پنجاب سے لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہوں گے، ہم سب مل کر اپنے منشور پر کام کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن کا ایک قطرہ نظر آیا ہے، عبدالعلیم خان
Aug 07, 2023