تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں گیپکو کی کارکردگی بہترین ہے:خرم دستگیر

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کیساتھ گیپکو ہیڈ کوارٹر میں ہونیوالے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیر نے کہا ہے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں گیپکو کی کارکردگی بہترین ہے، جس کا سہرا بی او ڈی اور گیپکو انتظامیہ کے سر ہے ،کامیابی کے اس معیار کو برقرار رکھنے کیلئے پوری توانائی سے مزید کام کرنا ہو گا۔سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ پاکستان کے کروڑوں عوام کو بھگتنا پڑ ا۔ہمیں پاور سیکٹر نہایت مشکل حالات میں ملا تھا، ہنگامی بنیادوں پر کام کیا اور اللہ کا شکر ہے کہ آج حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب، ممبرز گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرزعاطف فرید صابرخاں، حافظ فہد شکور، رانا فرحان معظم، انجم سہیل بٹ، جنرل مینجرز مظہر نوید، رانا اشتیاق احمد، ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل لرحمن، چیف انجینئرز معظم فضل، امتیاز چیمہ، عاشق جٹ ، چیف لاءآفیسر عنصر محمود نے شرکت کی۔چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ نے کہا کہ گیپکو کوملک کی بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنی بنانے کے پیچھے وفاقی وزیر توانائی کی ذاتی دلچسپی، رہنمائی اور بھرپور حوصلہ افزائی کارفرما ہے۔

ای پیپر دی نیشن