لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ حکومت نے اوچ شریف کے مزارات کی بحالی کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرلی۔ ماسٹر پلاننگ کیلئے خطیر رقم مختص، کنزرویشن اور ریسٹوریشن کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ اوقاف ایک ہفتے میں فزیبلٹی سٹڈی مکمل کریں گے۔ صدیو ں پہ محیط قدیم ورثے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیّد جلال الدین سرخ پوش، مخدوم جہانیاں جہانگشت، مسجد حاجات اور دیگر تاریخی و مذہبی اہمیت کے حامل مقامات ِ مقدسہ کی ریسٹوریشن اور بحالی کا کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر گراں قدر اہمیت کے حامل تبرکات ِ مقدسہ کی زیارت کا بھی اہتمام ہوا۔ سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ حکومت بین المسالک رواداری اور بین المذاہب مکالمے کی ترویج پہ یقین رکھتی اور صوفیاءکے پیغام محبت و سلامتی کے ابلاغ کیلئے کوشاں ہے، تاکہ سوسائٹی میں امن، رواداری اور انسان دوستی کو فروغ میسر آئے۔ سادات اوچ شریف نے تبلیغ ِ دین اور اشاعتِ اسلام کے حوالے سے تاریخ ساز خدمات سر انجام دیں اور خطے میں اسلام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
حکومت نے اوچ شریف کے مزارات کی بحالی کیلئے حکمت عملی بنالی:سیکرٹری اوقاف
Aug 07, 2023