لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کو شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔14 اگست ہماری آزاد ی کا دن ہے جس کو بھرپور قومی جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ علماءو مشائخ نوجوان نسل میں قومی نظریہ کو اجاگرکرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یوم آزادی پر جامعہ نعیمیہ میں پروقار تقریب پریم کشائی ہو گی بعدازاں جامعہ نعیمیہ سے داتا دربار تک جشن آزادی موٹر سائیکل ریلی نکالی جائے گی۔ نوجوان نسل کو تحریک آزادی سے روشناس کروانے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ نعیمین ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرمفتی ندیم قمر و دیگر عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن یوم مسرت بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی، اگر ہمیں اپنی آزادی عزیز ہے تو اس کی تعمیر و ترقی اور تحفظ کیلئے ہمیں اپنی تمام تر قوتوں کو ایک قوم بن کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے وقف کرنا ہو گا۔ یوم آزادی منانے کا اصل مقصد اپنے وطن سے محبت کرنے اور ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں بہتری کیلئے تجدید عہد کا دن ہے۔ زندہ قومیں ہی اپنی آزادی کے دن کو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ مناتی ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو ضائع نہ ہونے دیں اوراس ملک پاکستان کی بقاءو سلامتی کیلئے پوری ایمانداری اور لگن سے اپنا کردار ادا کریں۔
علماءو مشائخ نوجوانوں میں قومی نظریہ اجاگرکرنے میں کردار ادا کریں:راغب نعیمی
Aug 07, 2023