اسلام آباد (نامہ نگار+خبر نگار+ آئی این پی) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو قانونی جنگ میں خوش قسمت قرار دے دیا۔ سینٹ اجلاس سے واپسی پر صحافی نے وزیر قانون سے سوال کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی پر خاموشی؟۔ کیا نواز شریف، مریم نواز و دیگر قائدین خوش نہیں؟۔ اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ ضروری نہیں کہ ہر کسی پر بیان دینا ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس اپیل کا حق ہے وہ اپیل کریں، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے پاس اپیل کا حق نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی خوش قسمت ہیں کہ انہیں سیشن عدالت نے سزا دی۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا جس کی کوئی اپیل بھی نہیں تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی سے خوش نا خوش ہونے والی بات نہیں، لیگل کورس ہوا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کاحق ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا ہوئی ہے تو وہ اس کا سامنا کریں۔ سینٹ اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سادہ سے کیس میں سزا ہوئی، قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل ہوا، 37 بار چیئرمین پی ٹی آئی غیرحاضر رہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹیکس گوشواروں میں اثاثے چھپائے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے کوئی بدنیتی نہیں، گزشتہ مردم شماری پر سیاسی جماعتوں کو اعتراض تھا۔
وزیر قانون