محسن نقوی کا ددورہ تاشقند ، ازبکستان کیساتھ زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق 

#لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاشقند میں ازبکستان کے وزیر زراعت ڈاکٹر عزیز ووٹوف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اور ازبکستان کے درمیان زراعت خصوصاً کپاس کی پیداوار بڑھانے اور ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب اور ازبکستان کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے کو آرڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت ازبکستان کے زرعی ترقی کے 10سالہ پروگرام کے تحت 9نکاتی ایجنڈے سے استفادہ کرے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت اور ازبکستان کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری زراعت پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔ ازبکستان کے شعبہ زراعت سے وابستہ اعلی حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے وفد کو ازبکستان کے زرعی انقلاب کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ازبکستان نے زرعی شعبہ کی پائیدار ترقی کیلئے 10سالہ پروگرام کے تحت 9نکاتی ایجنڈے کو بنیاد بنا کر اپنی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شوکت مرزایوف (Shavkat Mirziyoyev)کو ازبکستان کا دوبارہ صدر منتخب ہونے اور اہم آئینی اصلاحات پر ازبک قوم کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت زراعت کی پائیدار ترقی کیلئے ایک پیج پر ہے۔ زرعی شعبے خصوصاً کپاس کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے ازبکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاشقند میں ازبکستان کے وزیر ٹیکسٹائل و گارمنٹس انڈسٹری الخم خیراروف (Mr.Ilkhom Khaydarov) سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل و گارمنٹس انڈسٹری میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بہت پوٹینشل ہے۔ دونوں ممالک دوطرفہ تعاون سے خطے میں ٹیکسٹائل ہب بن سکتے ہیں۔ ازبک وزیر ٹیکسٹائل و گارمنٹس انڈسٹری نے وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ سٹی راولپنڈی کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے صفائی کے ناقص انتظامات اور واش رومز کی ابتر صورتحال پرشدید برہمی کا اظہار کیا اور ایس ایچ او کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ نے ایس ایچ او کو واش رومز کا وزٹ کرنے اور صفائی کے انتظامات اور واش رومز کی حالت کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔فرنٹ ڈیسک کمپیلنٹ سسٹم بھی سلوہونے پروزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے رات گئے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے منصوبے کے اطراف کارپٹڈ سڑک کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے منصوبے پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث ہونے والی تاخیر کے ازالے کیلئے اضافی وسائل اور مشینری استعمال میں لائی جائے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ محسن نقوی نے گوجر خان کے قریب کنویں کی کھدائی کا دوران 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
محسن نقوی

ای پیپر دی نیشن