نوابشاہ کے قریب سرہاری میں ہزارہ ایکسپریس کے حادثے کے سبب بند ڈاؤن ٹریک تقریبا 18 گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا، جبکہ اپ ٹریک کلیئر نہ ہونے کے باعث ٹرینیں راستے میں محصور ہوگئیں، 29افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں ۔حادثے کا شکار ٹرین ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیوں کو 13 گھنٹے بعد ٹریک سے ہٹا دیا گیا۔ڈاؤن ٹریک بحال ہونے کے بعد مختلف اسٹیشنز پر روکی گئی ٹرینیں کراچی کیلئے روانہ ہوئیں۔ اپ ٹریک اب بھی بند ہے جس کی بحالی کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ٹرین حادثے کے بعداپ ٹریک کلیئر نہ ہونے کے باوجود کراچی سے ٹرینیں روانہ کردی گئیں، ٹرینوں کی آمدرفت متاثر ہونے سے ریلوے اسٹیشنز پر مسافر رل گئے ہیں۔ حادثے کے بعد سے پاکستان اور قراقرم ایکسپریس رکی ہوئی ہیں، کوٹری ریلوے اسٹیشن پر دو جب کہ ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن پر بھی ایک ٹرین رکی ہوئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق پنڈی سے کراچی آنے والی گرین لائن روانہ کردیا گیا ہے، ہزارہ ایکسپریس حادثے کے بعد گرین لائن ایکسپریس کو نواب شاہ اسٹیشن پر روکا گیا تھا۔ اس کے علاوہ حویلیاں سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس بھی روانہ کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 10بوگیاں سانگھڑ میں سرہاری کے مقام پر پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 34 افراد جاں بحق اور 100 سے زخمی ہوگئے تھے۔