وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گوجرانوالہ بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم جمشید علی نے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں جمشید علی کی والدہ، ان کے میٹرک کے استاد وحید اشرف اور گوجرانوالہ بورڈ کے چیئرمین نوید حیدر شیرازی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔وزیرِ اعظم نے جمشید علی کو ان کی میٹرک کے امتحانات میں شاندار کارکردگی پر سراہا۔ اس کے علاوہ ہونہار طالبعلم کو 10 لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ جمشید علی کے ماسٹرز تک کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ جبکہ جمشید علی کے لیے ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفے کا بھی اعلان کیا گیا۔ وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالبعلم سے مستقبل میں بھی ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا وعدہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ جیسے ہونہار طالب علم پاکستان کا فخر ہیں۔ آپ کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کی بھی خوب محنت شامل ہے۔ آپ پاکستان کے دیگر طالب علموں کیلئے بھی رول ماڈل ہیں۔