سانحہء9 مئی پر  پاک فوج کے موقف کا اعادہ

Aug 07, 2024

اداریہ

9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ایک سیاسی جماعت نے جس طرح اس روز عوامی احتجاج کے نام پر مسلح اداروں کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے ہوئے ملک دشمنی کا ثبوت دیا اس کی پاکستان ہی نہیں، دنیا کے کسی بھی ملک کی تاریخ میں مثال کم ہی ملتی ہے۔ بہت سے لوگ حالیہ دنوں میں اس رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ فوج جلد 9 مئی سے متعلق اپنے موقف سے رجوع کر لے گی اور یوں اس دن میں تخریب کاری کی جو کارروائیاں ہوئیں ان میں ملوث جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر اقتدار میں آنے کا موقع مل جائے گا۔ سوموار کو راولپنڈی میں کی گئی ایک پریس کانفرنس مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ 9 مئی سے متعلق فوج کا بڑا واضح موقف ہے اور اس میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئے گی۔ مسلح افواج کے شعب? تعلقاتِ عامہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ فوج اور عوام میں خلیج پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، آگاہ ہیں کہ یہ مہم کون چلا رہا ہے اس کا سہولت کار کون ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران جو کچھ کہا اس سے بہت سے لوگوں کو پتا چل گیا ہوگا کہ فوج 9 مئی کے دن کو عام دن نہیں سمجھتی اور نہ ہی وہ اس حوالے سے کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ کرے گی۔ اس سلسلے میں پاک فوج کا موقف بالکل درست ہے۔ ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے، 9 مئی کے واقعات میں جو افراد نامزد ہیں، آئین، قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کر کے انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے لیکن اس معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے تاکہ کسی کو اس پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ آئین اور قانون کی عملداری ہی ملکی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں