لاہور+اسلام آباد +پیرس(سپورٹس رپورٹر+خبر نگار خصوصی +صاحبزادہ عتیق سے)پیرس اولمپکس گیمز2024 ء کے نیزہ بازی کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کی بدولت فائنل رائونڈ میں جگہ بنا لی۔ انہوں نے 86.59 میٹرکی تھرو کر کے فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ کے گروپ بی میں شامل پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کیلئے کم از کم 84 میٹر کی تھرو کرنا تھی۔ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.59 میٹرکی تھرو کرکے فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد اور ان کے دیگر رفقا کا نے بھی کوالیفائی راؤنڈ کے مقابلوں کو دیکھا اور پاکستانی اتھلیٹ کی حوصلہ افزائی کی۔ پاکستانی سفیر نے ارشد ندیم کی فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی باری میں 89.34میٹرکی تھروکی۔پاکستان کے اولمپئین ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86 اعشارئیہ 59 میٹر کی اور تیسرے نمبر پر رہے جبکہ افریقی ملک گیرانڈا کے سپیشلسٹ نے 88.63 کی تھرو لگائی اور دوسری پوزیشن پر رہے۔ فائنل مقابلہ 8 اگست کو رات 11 بجکر 25 منٹ پر کھیلا جائیگا۔ مجموعی 12 پلیئرز جگہ بنائیں گے، 84 میٹر تھرو کی تعداد 12 سے کم ہونے پر بہترین تھرو والے پلیئرزکوالیفائی کرپائیں گے،جیولین تھرو مقابلوں میں 32 پلیئرز 2 گروپس میں ایکشن میں ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کو اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو کے مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے اپنی شاندار کارکردگی اور انتھک محنت سے پوری قوم کے دل جیت لیے۔انکی کامیابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیولین تھرو کھیل کی ترویج کیلئے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں۔ آپ کی محنت اور لگن نوجوانوںکیلئے مشعل راہ ہے۔ مارچ میں ارشد ندیم سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہوئی تھی۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، اسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔مقابلہ کے دوران ارشدندیم کے آبائی گھر میاں چنوں میں جشن کاسماں رہا ۔ شہری گھر کے اندر اور باہر ارشد کی کامیابی کیلئے دعائیں کرتے رہے ۔ فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرنے پر شہریوں نے جشن منایا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ شاباش‘ ارشد ندیم, آگے بڑھو‘ بڑھتے چلو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپک کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر اظہارِ تشکر کیا ہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرس اولمپکس نیزہ بازی فائنل مقابلہ میں پہنچنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی-وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ارشد ندیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والے ارشد ندیم نے درخواست کی ہے کہ میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں، قوم میری کامیابی کیلئے دعا کرے۔انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں کہ فائنل میں اچھا رزلٹ دوں گا۔ شائقین کا سپورٹ کرنے پر مشکور ہوں، فارم میں ہوں ، فٹ ہوں ۔ امید ہے فائنل میں بھارت کے نیرج چوپڑا اور میں اپنے اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔ نیرج چوپڑا ایک اچھا دوست ہے، ہم فائنل راونڈ پر فوکس کریں گے، سپورٹ کرنے پر شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔