کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ حکومت کے ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل میمن اور رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو بھی موجود تھے، اجلاس میں مرتضیٰ وہاب، سعدیہ جاوید و دیگر نے شرکت کی۔ پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کے ترجمانوں کو صوبائی حکومت کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کر دی۔ بعد ازاں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری سے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے آج بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین کو سکھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور حالیہ بارشوں میں شہر سے نکاسی آب سے متعلق بریفنگ دی۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے بریفنگ کے دوران بلاول بھٹو کو بتایا کہ 22 گھنٹوں کی موسلادھار بارش کے باوجود چند گھنٹوں میں شہر سے نکاسی آب کے عمل کو مکمل کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں بہت کام کیا ہے، جو عوام کے سامنے بہتر انداز میں پیش نہ ہو سکا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے تعلیم، صحت اور انفرا سٹرکچر کے شعبوں میں مثالی کام کیے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں کروڑوں مینگروز کے درخت لگائے ہیں جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ تمام چیزیں میڈیا اور سوشل میڈیا پر لائی جائیں تاکہ دوسرے صوبوں کے عوام کو پتہ چلے کہ پیپلز پارٹی کتنا کام کرتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے میئر سکھر کو ہدایت کی کہ 11 اگست سے شروع ہونے والے بارشوں کے نئے سپیل میں انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور بارشوں سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل استعمال کئے جائیں۔