دانش سکولز پرائیویٹ سکولوں سے بہتر تعلیمی معیار دے رہے ہیں:وزیرتعلیم

Aug 07, 2024

لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا دانش سکول کے علاوہ کوئی ایسا مثالی بورڈنگ ادارہ نہیں جو کسی کو بطور ماڈل دکھایا جا سکے۔ دانش سکولز پرائیویٹ سکولوں سے بہتر تعلیمی معیار دے رہے ہیں۔ ان کا موازنہ نجی تعلیمی اداروں سے بخوبی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار دانش سکولز کی سالانہ پرنسپل کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میٹرک امتحانات میں پوزیشن لینے پر دانش سکول کے تمام پرنسپلز کو مبارکباد پیش کی اور مجموعی طور پر دانش سکولز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوںنے کہا  کوالٹی ایجوکیشن پر فوکس کرنے کی وجہ سے دانش سکولز شاندار نتائج دے رہے ہیں۔ قوم کے ہونہار نونہالوں کیلئے اس تحفہ پر شہباز شریف کا جس قدر شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ رانا سکندر حیات نے اگلے 5 سالوں میں پبلک سکولوں کو بھی معیار کے لحاظ سے دانش سکولز جیسا بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔میرا واحد ایجنڈا سرکاری سکولوں کو معیاری سکول بنانا ہے۔ میرا خواب ہے کہ پبلک سکولوں کو سنٹر آف ایکسیلینس بنا سکوں۔ انہوں نے دانش سکولوں میں او لیول، اے لیول کے آغاز کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا وقت آئے گا جب پبلک سکولز بھی او لیول، اے لیول کروا رہے ہوں گے۔

مزیدخبریں