لاہور(سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ نے پاکستان سپر لیگ 10 کے میچز کی میزبانی سے انکار کردیا۔ چند ماہ قبل پی سی بی نے پی ایس ایل 10 کے پلے آف میچز اور فائنل کسی دوسرے ملک میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیا گیا، فرنچائز مالکان نے جب اخراجات وغیرہ کا استفسار کیا تو انھیں بتایا گیا کہ ایک آفیشل وہاں جا کر معاملات کا جائزہ لیں گے۔ گذشتہ دنوں اونرز کو آگاہ کر دیا گیا کہ انگلینڈ نے میزبانی سے انکار کر دیا ہے، ای سی بی نے اس کی وجہ اپنے میدانوں کا خالی نہ ہونا بیان کی، بعض پی سی بی آفیشلز اب میچز یو اے ای میں کرانے کی تجویز دے رہے ہیں، البتہ مئی میں وہاں ناقابل برداشت گرمی ہوتی ہے، ایسے موسم میں مقابلے کرانا دشوارہوگا۔پی ایس ایل 10 کیلئے دس اپریل سے 25 مئی کی مجوزہ تاریخیں سامنے آئی ہیں،انہی دنوں انڈین پریمیئر لیگ بھی جاری ہوگی، فرنچائز کو خدشہ ہے کہ اس وجہ سے اہم غیرملکی پلیئرز پاکستانی لیگ سے باہر ہو سکتے ہیں، انھوں نے نویں ایڈیشن کے منافع سے حصہ نہ ملنے و دیگر امور پر کچھ عرصے قبل ایک خط بھی تحریر کیا تھا۔
انگلینڈ کا پاکستان سپر لیگ 10 کے میچز کی میزبانی سے انکار
Aug 07, 2024