لاہور(نامہ نگار)محکمہ ایکسائز کی لاہور میں جاری ٹوکن ٹیکس ادائیگی مہم کو"آگاہی مہم ہولڈ اپس"میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سات ایکسائز ٹیمیں شہر لاہور کے اہم مقامات پر شہریوں کو دس فیصد رعایت کے ساتھ ٹوکن ٹیکس ادا کرنے کی آگاہی دینے اور وصولی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ٹوکن ٹیکس رعایتی مدت31 اگست تک بڑھادی گئی ہے۔شہریوں نے جولائی میں دو ارب نو کروڑ روپے ریکارڈ ریونیو سرکاری خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ وفاقی ٹیکسز کی مد میں ایک ارب نو کروڑ اس کے علاؤہ جمع ہوئے ہیں۔ڈائریکٹر ایکسائز لاہورمحمد آصف نے کہا ہے کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے پمفلٹس و سٹکرز چھپوا لیے گئے ہیں۔پمفلٹس دوران سفر گاڑی مالکان میں تقسیم کیے جائیں گے کہ وہ ٹوکن ٹیکس ادائیگی میں دس فیصد رعایت سے فائدہ اٹھائیں جبکہ سٹکرز پلازوں کی لِفٹس،بینکوں کی اے ٹی ایم، پٹرول پمپس،مارٹ، تعلیمی اداروں کے نوٹس بورڈز،موبائل فون کمپنیوں کی فرنچائزز، ریسٹورنٹس، فور فائیو سٹارز ہوٹلز ، ہسپتال ، شاپنگ مالز، پارکنگ پلازوں،فوڈ چینز،کورٹ بار رومز نوٹس بورڈز، میٹرو بس اورینج ٹرین، بس اسٹینڈز ، سرکاری دفاتر میں چسپاں کئے جائیں گے۔