بغداد(این این آئی)عراق میں دہشت گردی میں ملوث تین پاکستانیوں کو سزائے موت سنادی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر رسافہ کی عدالت کے تین ججز پر مشتمل بینچ نے دہشت گردی کے الزامات میں 3 پاکستانی شہریوں کو سزائے موت سنادی ہے، موت کی سزا پانے والوں میں حیدر علی، عمر فاروق اور شعیب اختر شامل ہیں۔تینوں پاکستانی شہریوں کو 2 الگ الگ مقدمات میں دہشت گردی کے مجرم قرار دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت سزا سنائی گئی، شعیب اختر کو عراق میں دہشتگرد تنظیم بنانے، شکایت کندہ شہاب کاظم حسن پر فائرنگ کرنے اوراس کی دوکان میں لوٹ مار کرنے پر بھی سزا سنائی گئی ہے۔عدالتی فیصلے میں ایک دوسرے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملزمان کو افسر ہیمن کریم احمد کے قتل پر بھی سزائے موت دی جاتی ہے، پاکستانی شہری پر مبینہ طور پرہجوم میں فائرنگ کا الزام تھا جس کے باعث پیٹرولنگ کی ڈیوٹی کرتے ایک افسر ہیمن کریم ہلاک ہوگیا تھا۔سزا پانیوالے ملزمان کو 31 جولائی کو جاری فیصلے کے 30 دن کے اندر اپیل کا بھی حق دیا گیا ہے۔
عراقی عدالت: دہشت گردی میں ملوث 3 پاکستانیوں کو سزائے موت کا حکم
Aug 07, 2024