اسلام آباد (خبرنگار )چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر )نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کے اہم حصوں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ورلڈ بنک کی ٹیم بھی دورے میں چیئرمین واپڈا کے ہمراہ تھی، جس کی قیادت ایڈوائزر مسعود احمد اور ٹاسک ٹیم لیڈر گوتم گنجن کر رہے تھے۔ممبر پاور واپڈا، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔پراجیکٹ کی مختلف سائٹس کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ پراجیکٹ انتظامیہ نیچیئرمین اور ورلڈ بنک کی ٹیم کو پراجیکٹ کی اہم سائٹس پر اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹ کی 26-2025 میں تکمیل کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں تربیلا کاپانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تعمیر کیلئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے۔ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 350 میگا واٹ ہے۔ اس کے تین پیداواری یونٹس ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510 میگا واٹ ہے۔اپنی تکمیل پر یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطا ایک ارب34 کروڑ70لاکھ یونٹ کم لاگت پن بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔
چیئر مین واپڈا جنر ل سجا د کا تربیلا توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ
Aug 07, 2024