اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد و اتفاق سے کام لے اور اس طرح ملک کو ترقی کی طرف لے جایا جائے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے منگل کو پیغام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، فرقہ وارانہ اور صوبائیت کی بنیاد پر ہونے والی تقسیم اور اختلافات کے حوالہ سے بات کی اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ امن اور ترقی کے مقصد کے حصول کے لیے منافرت ختم کریں اور اختلاف رائے کا احترام کریں۔ سالک حسین نے حج آپریشن کی نگرانی کے اپنے تجربہ بارے شرکاکوبتایا اور تسلیم کیا کہ انہیں شروع میں کچھ چیلنجز پیش آ ئے۔ تاہم، لگن ، مثبت ارادوں اور بھرپور عزم کے ذریعے، انہوں نے بالآخر کامیابی حاصل کی۔ وزیر نے حج آپریشن کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے پر سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور دیگر شراکت داروں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاپاکستان علماکونسل کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی، نجی حج تنظیموں کے نمائندوں اور علمائے کرام سمیت قابل ذکر شخصیات نے شرکت کی۔