جرمن سیاح ڈکیتی‘ 3 ملزم گرفتار‘ غفلت پر 4 ڈولفن اہلکار حوالات بند

Aug 07, 2024

لاہور (نامہ نگار) پولیس نے سائیکل پر پاکستان آنے والے جرمن سیاح کے ساتھ ڈکیتی کے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاری لاہور کے علاقہ برکی اور غازی آباد سے ہوئی ہے۔ جرمن سیاح سے چھینا گیا قیمتی کیمرہ اور موبائل فون برآمد کر لیا۔ دریں اثناء سی سی پی او لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے جرمن سیاح کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی واردات  سے متعلق کال پر جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ڈولفن پولیس کے چاروں اہلکاروں کو اپنے دفتر بلا کر گرفتار کرا دیا۔ سی سی پی او لاہور نے چاروں پولیس اہلکاروں کو ایس ایچ او سول لائنز کے حوالے کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا اور اہلکاروں کو تھانے کے حوالات میں بند کر دیا۔ ڈولفن فورس کے چاروں اہلکاروں پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے جرمن سیاح کے ساتھ ہونے والی واردات پر سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا۔ چاروں پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے مگر وہ ڈاکوؤں کا تعاقب کرنے کی بجائے جرمن سیاح کو ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کا کہتے رہے جبکہ پولیس اہلکاروں نے واردات کے بارے میں اعلیٰ پولیس حکام کو آگاہ بھی نہ کیا۔ گرفتار پولیس اہلکاروں میں مزمل، عمیر، حسنین اور قاصد شامل ہیں۔

مزیدخبریں