اسلام آباد (این این آئی)ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل کو فواد چوہدری کے بیرون ملک دورے کی اجازت کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا۔منگل کو فواد چوہدری کے پاسپورٹ کی تجدید اور نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے کیس کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ فواد چوہدری کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے کا آرڈر اٹارنی جنرل کو بھیجیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ جی چوہدری صاحب، کام ہو گیا؟فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت کی مہربانی سے کام ہو گیا ہے لیکن ایک گزارش ہے، آج کل ایئر پورٹ جائیں تو بکری چوری کے الزام میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بالکل، آج کل تو کچھ بھی ممکن ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ استدعا ہے کہ عدالتی آرڈر کی کاپی عملدرآمد کے لیے اٹارنی جنرل کو بھجوائی جائے۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے عدالتی آرڈر کی کاپی اٹارنی جنرل کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
عدالتی مہربانی سے کام ہو گیا ،ایئر پورٹ جائیں تو بکری چوری الزام میں گرفتار ہو جاتے ہیں: فواد چودھری
Aug 07, 2024