خالد مشعل سے ملاقات، بیت المقدس کی آزادی کیلئے ہر طرح کی قربانی کیلئے پرعزم: سراج الحق 

تہران (نوائے وقت رپورٹ) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایک روزہ دورے پر ایران سے قطر پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے حماس کے راہنما ڈاکٹر خالد مشعل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسماعیل ہانیہ شہید کے فرزاندان عبدالسلام ہانیہ، ولید ہانیہ سمیت حماس کی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔ سراج الحق نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اہل غزہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہر طرح کی قربانی کے پْر عزم ہیں۔ اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے امت مسلمہ کا دل زخم خوردہ  ضرور ہوا ہے لیکن ایک جذبہ بھی بیدار ہوگیا ہے۔ ہم اس مسلسل جدوجہد پر حماس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ جنگ محض فلسطین کی آزادی کی جنگ نہیں بلکہ امت مسلمہ اور عالم اسلام کے تحفظ، بقا اور سلامتی کی جنگ ہے۔ حماس نے گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں ملایا ہے۔ پاکستان اور اس کے عوام اہل فلسطین کے ساتھ  اور ہر طح کی قربانی کے لیے تیار ہیں۔ حماس کے راہنما خالد مشعل نے اس موقع پر پاکستان کے تعاون پر شکریہ  ادا کیا، جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت پاکستان آگے بڑھ کر مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرے۔ 1948 سے اب تک پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے، اب وقت آگیا ہے پاکستان  عملی اقدامات اٹھائے۔ پاکستان، انڈونیشیا، ایران، ترکیہ سمیت امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین پر بھرپور آواز اٹھائیں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریاستی سطح پر آواز اٹھائیں۔ فرزندان اسماعیل ہانیہ شہید نے بھی اس موقع پر پاکستان کی عوام سمیت جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا خاندان کے دیگر افراد بھی آزادی فلسطین کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن