عمران ،بشر ی بی بی کیخلاف  نئے ریفرنس کیلئے 2 رکنی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل

Aug 07, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار )بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کے نئے ریفرنس میں 2 رکنی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ 2 خصوصی پراسیکیوٹرز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ نیب کیس کے لیے مقرر کردیا گیا، دونوں پراسیکیوٹرز توشہ خانہ کیسز میں نیب کی نمائندگی کریں گے۔ایکٹنگ پراسیکیوٹر جنرل نیب اکبر تارڑ کی سفارش پرچیئرمین نیب نے منظوری دی، نیب ہیڈکوارٹر نے دونوں پراسیکیوٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔دوسری جانب توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے تفتیش کیلیے نیب کی دو ٹیمیں اڈیالہ جیل پہنچیں، رپورٹ کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیمیں بلغاری سیٹ کے حوالے سے ملزمان سے تفتیش کررہی ہیں۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں، آٹھ اگست کو دونوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ پورا ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 13 جولائی کو عدت نکاح کیس میں بریت کے بعد قومی احتساب بیورو نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری ڈال دی تھی۔ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشری بی بی کو گرفتار کیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون اپنے پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

مزیدخبریں