راولپنڈی(جنرل رپورٹر)عالمی منظر نامہ تبدیل ہورہا ہے۔ اقتدار اور بادشاہی سدا اللہ کی ہے۔ مسلمانوں کو فرقہ واریت کے نام پر لڑنے کی بجائے عالم کفر کے مقابلہ کے لیے تیار ہونا ہوگا۔ ہماری نجات کا دارومدار قرآن اور آل رسول سے کامل وابستگی میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابان سرسید پاکستان کے سرپرست اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے اپنی لکھی گئی قرآن کی تفسیر تبصرہ جلد ہشتم ، نہم کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا۔ تقریب کی صدارت دیوان احمد مسعود چشتی دربار عالیہ بابا فرید پاک پتن شریف نے کی ۔جبکہ دیگر معزز مہمانان گرامی میں سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، الحاج پیر شمیم صابر صابری دربار عالیہ آستانہ کلس شریف ، پیر سید مخدوم عباس شاہ ہمدانی آستانہ عالیہ بھنگالی شریف، پیر سید ناصر سلطان شاہ مشہدی آستانہ عالیہ دارالفضل شریف، پیر سید شاہ محمد کمال کاظمی آستانہ عالیہ طوری شریف, پیر سید حیدر علی شاہ بخاری ، صاحبزادہ پیر سید عامر حسین گیلانی قادری ، علامہ ڈاکٹر پروفیسر محمد آصف ہزاروی، پروفیسر عرفان جمیل، قاری پروفیسر محمد مشتاق انور اور الحاج غلام زین العابدین سعیدی ، ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی و دیگر شامل تھے۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ خوارج سب سے بڑا فتنہ ہے جو اسلام کو کمزور کرنے میں مصروف ہے ۔ سید ریاض حسین شاہ نے کہا اللہ نے مجھ سے قرآن کی خدمت لی میں اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص قرآن کے علوم اور اس کے فلسفہ کو سمجھنا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ میرے خاندان کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرے۔ انھوں نے سید ریاض حسین شاہ کو تبصرہ کی آٹھویں اور نویں جلد کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے پروفیسر عرفان جمیل، ڈاکر محمد آصف ہزاروی، حافظ محمد قاسم شیخ ، محمد عثمان غنی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔