پاکستانی حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے امریکی انتظامیہ کو جلد خط لکھے: سابق رکن کانگرس

Dec 07, 2012


پشاور (این این آئی) امریکی کانگرس کی سابق رکن سینتھیا میکین اور انٹرنیشنل ایکشن کمیٹی کی ممبر سارہ فلورنڈز نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کےلئے امریکی حکومت کو جلد از جلد خط لکھا جائے۔ پشاور پریس کلب میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ سے آئی ہوئی سینتھیا میکین اور سارہ فلورنڈز کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کو دی جانیوالی 86 سال قید کی سزا غیر قانونی اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ سابق رکن کانگریس سینتھیا مکین کا کہنا تھا کہ امریکہ مختلف ممالک میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے پاکستان کو اس حوالے سے سوچنا چاہئے۔ انھوں نے امریکی حکومت سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے حکومت نے 4سال میں خط نہ لکھا، اگر حکومت کے کوئی خدشات ہیں تو انھیں کھل کر بیان کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے سیاسی جماعتوں سے عہد نامہ دستخط کرایا جارہا ہے جس کے مطابق کسی بھی پاکستانی کو بغیر ثبوت کے امریکہ کے حوالے نہیں کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جے یو آئی نے دستخط کر دیئے ہیں۔

مزیدخبریں