ساہیوال (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے دو تین ملکوں سے بات چیت چل رہی ہے، امید ہے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکاءاشرف نے کہا کہ آئی سی سی بھی پاکستان میں کرکٹ کی جلد بحالی چاہتی ہے جبکہ کرکٹ کھیلنے والے ملک سوچ رہے ہیں کہ پاکستان جانے میں پہل کون کرے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواہ کسی جماعت کی ہو، کرکٹ کی بحالی کیلئے سکیورٹی اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ بھارت میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کسی تنظیم سے خطرہ نہیں، بال ٹھاکرے بیمار تھے تو فون پر ان کی خیریت دریافت کی تھی۔ انہوں نے کہا ضروری نہیں کہ بیٹنگ کوچ پاکستان سے ہو، محمد آصف اور دیگر کھلاڑیوں کی سزا معاف ہو گئی تو انہیں کھلانے پر غور کر سکتے ہیں۔