دبئی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی نے حکومت سنبھالی تو ملک کو دہشت گردی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا تھا۔ توانائی کا بحران بھی ورثے میں ملا تاہم اس پر قابو پانے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ توانائی کی کمی دور کرنے کے لیے ایل این جی خریدنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے پیپلز پارٹی کے اچھے کاموں کی تعریف بھی کریں۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر اور شفاف ہوں گے۔ انتخابات الیکشن کمیشن کے لیے بہت بڑا چیلنج ہیں۔ الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کی شکایات بھی مد نظر رکھنی چاہییں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قاف لیگ سے اتحاد کا مقصد الیکشن جیتنا نہیں بلکہ ملک سے نفرت کی سیاست ختم کرنا ہے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ نے اپنی ہی خالی کی ہوئی نشستیں جیتی ہیں۔