کیپ ٹائون (نیٹ نیوز) نیلسن منڈیلا 18جولائی 1918ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے ابتدائی سال کلارک بری، ہیلڈ ٹائون اور فورٹ ہرے میں گزرے اور 1943ء سے 1949ء تک قانون کی تعلیم حاصل کی۔ منڈیلا کے مطابق ان کو نیلسن کا نام ان کی سکول ٹیچر نے دیا۔ بچپن میں وہ باقاعدگی سے چرچ جایا کرتے تھے، جوانی میں ان کو باکسنگ کا شوق تھا اور وہ اپنا فارغ وقت زیادہ تر باکسنگ مقابلوں میں گزارتے تھے۔ 1941ء میں وہ جوہانسبرگ آ گئے۔ یونیورسٹی آف ویٹوائزسرینڈ میں وہ واحد افریقی طالب علم تھے۔ منڈیلا 30جولائی 1952ء کو پہلی بار گرفتار ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ گورے اور کالے دونوں افراد کا ہے۔ 1985ء میں نیلسن منڈیلا نے پرائیٹ گلینڈ کی سرجری کروائی وہ 10مئی 1994ء کو طویل جدوجہد کے بعد جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فارم صدر بنے اس وقت ان کی عمر 76برس تھی۔ اپنے دور میں انہوں نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔ انہوں نے عالمی مسائل کو ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ 1996ء میں انہوں نے سیاست کو خیرباد کہہ دیا اور 2004ء میں انہوں نے 85برس کی عمر میں باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔