لندن (آن لائن) وزیراعظم محمد نوازشریف نے دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں 2.2 ارب سے زائد شہریوں کی زندگیوںمیں دولت مشترکہ کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان دولت مشترکہ کے اقدار اور اصولوں کے حوالے سے پرعزم ہے۔ شہزادہ چارلس سے ملاقات کی۔ مزید تفصیل کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان، برطانیہ شاندارتعلقات پراطمینان کا اظہارکیا جو مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کی معاونت کی تعریف کی، اسکے علاوہ انہوںنے شاہی خاندان کی جانب سے عالمی خیراتی اداروں کیلئے مددکے کردارکو بھی سراہا اور شہزادہ چارلس کو اپنی طرف سے دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ شہزادہ چارلس نے دولت مشترکہ کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور گڈ گورننس یقینی بنانے اور اقتصادی اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے کوششوں پر پاکستان کی سیاسی قیادت کی تعریف کی۔دریں اثنا وزیراعظم نوازشریف برطانیہ کا دورہ مکمل کرکے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔