کابل (اے ایف پی + رائٹر + نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ نیٹو فورسز کے انخلا کے بعد پیدا ہونے والا خلا پر کرنے کے لئے افغانستان میں ایک ہزار اضافی فوجی آئندہ سال بھی وہاں موجود رہیں گے۔ یہ فوجی 2015ء کے پہلے بہت سے مہینوں تک موجود رہ سکتے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ پریس کانفرنس میں چک ہیگل نے امریکی فوج کے انخلا کے شیڈول میں تبدیلی کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں 9800 فوجی رکھنے کا منصوبہ تھا مگر اب نئے پلان کے تحت 10,800 امریکی فوجی وہاں رہیں گے۔ تاہم صدر اوباما کا انخلا کا مشن تبدیل نہیں ہو گا۔ امریکہ 2016ء میں 5500 فوجی رکھنے کا منصوبہ رکھتا ہے 2017ء میں سفارتخانہ تک محدود رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج افغانستان میں محدود طور پر انسداد دہشت گردی مشن جاری رکھے گی ہم نے امریکہ کیلئے خطرہ بننے والی القاعدہ کو افغانستان کو محفوظ جنت کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کا عزم کر رکھا ہے۔ چک ہیگل نے کہا کہ اس ماہ کے آخر میں افغانستان میں ایساف کا فوجی مشن ختم ہو جائے گا۔ افغان فورسز کی تربیت اور معاونت جاری رکھیں گے۔
ایک ہزار اضافی فوجی اگلے سال بھی افغانستان میں رہیں گے: چک ہیگل
Dec 07, 2014