ادارے کمزور ہوچکے‘ تیسری سیاسی قوت کی تشکیل ضروری ہے: مشرف

Dec 07, 2014

اسلام آباد (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی نااہل حکومتوں کی وجہ سے ملک شدید مسائل سے دوچار ہے، ادارے کمزور ہو چکے ہیں، عدلیہ اپنا کردار ادا نہیں کر رہی، ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے تیسری سیاسی قوت کی تشکیل ضروری ہے، جلد حکمراں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کیخلاف مخالف جماعتوں کے اتحاد کے قیام کا اعلان کیا جائیگا۔ (ق) لیگ‘ ایم کیو ایم‘ فنکشنل لیگ کھوسہ گروپ و دیگر سے رابطے جاری ہیں‘ جلد اسلام آباد آ کر اے پی ایم ایل کو فعال بنانے کیلئے کردار ادا کروں گا۔ وہ یہاں اے پی ایم ایل کے سٹڈی سیکرٹریٹ میں خواتین ونگ کی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کررہے تھے۔ پرویز مشرف نے کہا جب ادارے کمزور اور عدلیہ اپنا کردار ادا نہیں کرتی تو لوگ قانون ہاتھ میں لے لیتے ہیں اور دھرنے دیتے ہیں۔ ملک ہر لحاظ سے پسماندگی کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں بجلی اور گیس کا شدید بحران ہے۔ ملکی معیشت گرتی جا رہی ہے اور ملک ہر لحاظ سے پسماندگی کی طرف جارہا ہے جس سے نکالنے کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا خواتین کو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم ہر صوبے میں پارٹی کے ویمن ونگز قائم کریں گے۔ ہر شخص یہاں اپنی سیاست چمکا رہا ہے لیکن انہیں ملک و قوم کی کوئی فکر نہیں۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں ہو رہا‘ کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں۔
پرویز مشرف

مزیدخبریں