لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں مسلم معاشروں میں قتل و غارت گری کیلئے فتنہ تکفیر اور داعش جیسی تنظیموں کو پروان چڑھا رہی ہیں، خیبر پی کے کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری درست نہیں، دشمنان اسلام چاہتے ہیں کہ مسلمان فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مددو حمایت کی بجائے اپنے ہی ملکوں میں باہم دست و گریباں ہو جائیں، پاکستان میں داعش کا فتنہ کھڑا کرنے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کئے جارہے ہیں۔ امت مسلمہ کو اصل حقائق سے آگاہ کرنے اور ان فتنوں سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔روس کا شام میں بمباری کے لیے پہنچنا عالمی جنگ کا اشارہ ہے۔اس خطہ میں جنگ کی بڑی وجہ سعودی عرب کو نشانہ بنانا ہے۔ وہ جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام مرکز خیبر فوارہ چوک صدر پشاور میں کارکنوں کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ اسلام دشمن قوتیں مسلم معاشروں کو تباہ اور بگاڑ پیدا کرنے کی کوششیںکررہی ہیں۔ آج سمندر میں بحر ہند سے بحر الکاہل تک امریکی بحری بیڑوں کا قبضہ ہے۔ داعش کا تیل بک رہا ہے۔ ان کی تجارت پر کوئی پابندی نہیں۔ وہ اربوں ڈالر کما رہے ہیں۔ یہ سب کچھ بین الاقوامی قوتوں کی نگرانی میں ہو رہا ہے۔ روس اس وقت داعش کے نام پر شام پر بمباری کر رہا ہے اور داعش کی آڑ میں حقیقی اسلام پسندوں پر بارود برسایا جا رہا ہے۔ شام میں بہت بڑا محاذ کھڑا ہوچکا ہے۔ جنگ عظیم اول اور دوم کے بعد میں اب تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کے آثار نظر آتے ہیں مگر جیسے روس افغانستان میں ناکام ہوا اس طرح وہ شام میں بھی ناکام ہوگا۔ اتحادی ممالک افغانستان میں شکست کے بعد مسلمانوں کے مابین آپس کے لڑائی جھگڑے کھڑے کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں، حکمرانوں و عوام کو اپنی اصلاح کرنی چاہئے اور قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔ کشمیر ، فلسطین اور شام میں جاری آزادی کی تحریکیں روکنے کیلئے داعش کو لایا گیا۔عرب ملکوں میں بھی داعش کو منظم منصوبہ بندی کے تحت پھیلایا جارہا ہے۔ بیرونی قوتیں پاکستان میں بھی چترال، فاٹا اور بلوچستان میں سازشوں پر عمل درآمد کیلئے داعش کو مضبوط کرنا چاہتی ہیں لیکن فتنہ بھڑکتا ضرور مگر پھر ختم ہو جاتا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد میں بہت زیادہ تیزی آئی ہے۔ تحریک آزادی کشمیرکو کمزور کرنے کی سب سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں داعش کا فتنہ کھڑا کرنے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں: حافظ سعید
Dec 07, 2015