3 فیصد ٹیکس دیکر پراپرٹی کے ڈی سی، ایف بی آر ریٹ میں فرق کے برابر کالا دھن سفید ہو گا، انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ نافذ

Dec 07, 2016

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + آئی این پی) صدرمملکت نے رئیل سٹیٹ کیلئے کالا دھن سفید کرنے کیلئے 3 فیصد ٹیکس کیساتھ ایمنسٹی سکیم دینے کے بل پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس سے قبل قومی اسمبلی نے انکم ٹیکس کے قانون میں ترمیم کے بل کی منظوری دی تھی۔ اس ایکٹ کے تحت رئیل سٹیٹ سیکٹر جائیداد کے ڈی سی ویلیو اور ایف بی آر کی فیئر پرائس کے درمیان فرق پر 3 فیصد کے حساب سے ٹیکس ادا کرکے ایمنسٹی حاصل کر سکیں گے۔ اس طرح فوج کے شہداکے ورثاءکو ملنے والے پلاٹ کی پہلی فروخت پر بھی یہ ایمنسٹی نافذ ہو گی اور پہلی فروخت پر ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑیگا۔آئی این پی کے مطابق حکومت نے انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2016ءملک بھر میں نافذ کر دیا‘ پراپرٹی کے ڈی سی، ایف بی آر ریٹ میں فرق کے برابر کالا دھن سفید ہو سکے گا۔ مسلح افواج، رینجرز، پولیس شہدا کے قانونی وارث ودہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2016ءکے تحت 3 فیصد ٹیکس ادائیگی پر خریدار غیر قانونی جائیداد کو قانونی بنا سکے گا اور غیر منقولہ جائیداد خریداری پر 3 فیصد ٹیکس رقم کے فرق پر دینا ہو گا۔ پراپرٹی کا فائلر انویسٹر فائلر قیمت کا2 فیصد انکم ٹیکس اداکریگا جبکہ نان فائلر انویسٹر قیمت کا 4 فیصد انکم ٹیکس ادا کریگا اسی طرح یکم جولائی 2016ءسے پہلے خریدی گئی غیرمنقولہ پراپرٹی سے متعلق شق بھی شامل کی گئی ہے جس کے تحت غیرمنقولہ پراپرٹی 3 سال میں فروخت پر5 فیصد کیپٹل گین ٹیکس ہو گا جبکہ 3 سال بعد غیر منقولہ پراپرٹی کی فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس نہیں ہو گا۔ وفاقی، صوبائی ملازمین کے ورثا کیلئے بھی ایسا پلاٹ فروخت کرنے پر استثنیٰ ہو گا ودہولڈنگ ٹیکس کا استثنیٰ صرف حکومت سے ملے پلاٹ فروخت کرنے پرہوگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق 3 فیصد ٹیکس ادا کرنے پر خریدار غیرقانونی جائیداد کو قانونی بنا سکے گا اور پراپرٹی کا کالا دھن سفید ہو سکے گا۔ انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2016ء پر صدر ممنون حسین نے دستخط کر دیئے ہیں اور یہ فوری طور پر پورے ملک میں نافذالعمل ہو گیا ہے۔ رقم کا سورس یا ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے۔ جن لوگوں نے یکم جولائی 2016ءسے پہلے غیرمنقولہ جائیداد خریدی وہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ءسیکشن 237 کے تحت 5 فیصد کیپٹل گین ٹیکس ادا کریں گے۔ بشرطیکہ غیرمنقولہ جائیداد 3 سال کے اندر فروخت کرے۔ یہ غیرمنقولہ جائیداد 3 سال کے بعد فروخت کی جا رہی ہو تو اس پر کوئی کیپٹل گین ٹیکس ادا نہیں ہو گا۔ اسی طرح غیرمنقولہ جائیداد ایک سال کے اندر فروخت کرنے کی صورت میں خریدار کو 10 فیصد کیپٹل گین ٹیکس دینا ہو گا۔ وہ خریداری کے 2 سال کے اندر جائیداد فروخت کریگا تو اس سے ساڑھے 7 فیصد کیپٹل گین ٹیکس لیا جائیگا۔ خریداری کے 3 سال کے اندر فروخت کریگا تو اس کو 5 فیصد کیپٹل گین ٹیکس دینا پڑیگا۔ کوئی شخص صوبائی یا وفاقی حکومت کا ملازم ہو وہ سرکاری ملازمت کے دوران فوت ہو جاتا ہے تو اس کا وارث ملنے والی جائیداد پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس ادا نہیں کریگا۔

مزیدخبریں