عدالت نے ثبوت مانگ لئے، نوازشریف بچاﺅ کے لئے ٹرمپ کو نہ بلا لیں: عمران

Dec 07, 2016

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے/نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت نے آج ثبوت دینے کی ذمہ داری شریف فیملی پر ڈال دی۔ اب کہیں نوازشریف خود کو بچانے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کو نہ بلا لیں۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو پانامہ کیس سے آزادی دلانا چاہتے ہیں۔ ہمارے مدمقابل صرف نواز شریف نہیں بلکہ پوری حکومت ہے۔ ہمارے وکلا نے عدالت میں ثابت کیا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں قوم سے خطاب میں جھوٹ بولا۔ عمران کا مزید کہنا تھا فلیٹ خریدنے کے لئے رقم کہاں سے کہاں گئی کسی کو پتہ نہیں۔ حسین نواز نے 74 کروڑ روپے نواز شریف کو 5 سال میں بھیجے اور اس پر ٹیکس نہیں دیا تاہم ہمارے خیال میں 74 کروڑ روپے منی لانڈرنگ کر کے بھیجے گئے۔ مریم نواز زیر کفالت تھیں یا نہیں اب دیکھتے ہیں ان کا جواب کیا آتا ہے۔ عمران نے پانامہ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا سماعت میں واضح ہو گیا تحریک انصاف کے وکلاءنے پوری تیاری کی ہوئی تھی ۔ عمران نے کہا سپریم کورٹ کے پاس اب اتنا مواد آگیا ہے کہ وہ پانامہ کیس کا فیصلہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا بہتر احترام کرتے ہیں اور درخواست کرتے ہیں کہ 9 ماہ سے لٹکے ہوئے معاملے کا فیصلہ موجودہ بنچ ہی کرے تاکہ ملک پانامہ کیس سے نکل کر آگے بڑھ سکے۔ قطری خط کہتا ہے کہ دبئی سے پیسہ قطر اور پھر لندن گیا۔ سپریم کورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ کیس میں کوئی نیا کمشن قائم کیا جائے۔ فواد چودھری اور نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدالتی رویئے سے معلوم ہوتا ہے عدالت کو بھی بخوبی تمام باتوں کا علم ہو چکا ہے۔ 1999ءمیں حسین نواز فلیٹ میں ایک طالب علم کی حیثیت سے رہتے تھے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا فلیٹ کا کرایہ پاکستان سے آتا ہے۔ 1999 تک حسین نواز کی کوئی آمدن نہیں تھی تو فلیٹ خریدنے کے لئے اتنے پیسے کہاں سے آئے ۔ نعیم الحق نے کہا آج دستاویزات جمع کرا کر ہم نے نواز شریف کے خلاف کیس کو ثابت کر دیا۔ مریم نواز جاتی امراء اور وزیراعظم ہاﺅس میں رہتی ہیں جبکہ کاغذات میں وہ خودمختار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا غیر رجسٹرڈ ٹرسٹ ڈیڈ کو تسلیم نہیں کیا جاتا ۔ان کا کہنا تھا سونے کے انڈے دینے والی مرغی کے بعد اب سونے کے انڈے دینے والی گاڑی بھی آگئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کیس میں آج فائنل موڑ آجائیگا، جس عمر میں نوازشریف کے بچے ارب پتی بنے اس عمر میں تو شناختی کارڈ بنتے ہیں۔ نوازشریف اور ان کے بچے عدالت کو بتائیں اربوں وپے کیسے آئے؟

مزیدخبریں