کراچی( صباح نیوز) ایران نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، دونوں ممالک میں فوجی تعاون کے فروغ کیلیے بات چیت بے حد ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن پراپنے حصے کا کام ایران نے مکمل کر لیا ہے، آئندہ دو برس میں ایرانی گیس سے پاکستانی مستفید ہوں گے۔ امید ہے پاکستان بھی وعدے کے مطابق اپنی پائپ لائن کا کام مقررہ وقت میں مکمل کر لے گا، مہدی ہنر دوست نے پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعیناتی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی بطور آرمی چیف تعیناتی خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاک ایران دفاعی تعلقات میں بھی وسعت لائی جائے، دفاعی اور تجارتی تعلقات بھی بام عروج پر پہنچنے چاہیئں، سی پیک بہت بڑا منصوبہ ہے، جس سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات اتوار کو تہران میں شروع ہوگئے، مذاکراتی عمل ایک سال میں مکمل کیا جائیگا ۔ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے وزارت تجارت اور ایف بی آر کے حکام نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق دوطرفہ تجارت کاحجم صرف 27 کروڑ ڈالر ہے جس کو آزاد تجارتی معاہدے کے تحت پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔
پاک ایران دفاعی، تجارتی تعلقات بام عروج پر پہنچنے چاہئیں: مہدی ہنر دوست
Dec 07, 2016