گھوٹکی :محکمہ صحت میں 48 کزنوں کی تقرری سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس

Dec 07, 2016

کراچی+اسلام آباد (اے ایف پی+نمائندہ نوائے وقت) حکام نے وعدہ کیا ہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں محکمہ صحت میں 48 کزنوں کی تقرری کے خلاف انکوائری کی جائیگی۔ محکمہ صحت کے ملازم فرمان علی نے شکایت کی کہ 2008ء سے لیکر اب تک محکمہ صحت میں ایک ہی خاندان چدھڑ کے 48 کزنوں کو بھرتی کیا گیا۔ مذکورہ ملازمین کو جلد ترقیاں دی گئیں۔ سپریم کورٹ آج سے اس کیس کی سماعت کریگی۔ صوبائی وزیر صحت سکندر علی میندھرو نے بتایا کہ وہ اس معاملے سے آگاہ نہیں لیکن انکوائری کریں گے۔ پاکستان کرپشن میں 168 ممالک میں سے 117 ویں نمبر پر ہے۔ سپریم کورٹ نے صوبہ سندھ کے محکمہ صحت میں مبینہ طور پر ایک ہی خاندان کے 48افراد کی غیرقانونی بھرتی کے خلاف ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس انورظہیرجمالی نے سندھ کے محکمہ صحت کے ایک ملاز م فرمان علی کی درخواست پر ازخود نوٹس لیا۔ فاضل چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

مزیدخبریں