اسلام آباد(نامہ نگار) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی وے پر کرال چوک انٹرچینج کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ ،پراجیکٹ ڈائریکٹر اور سی ڈی اے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق اسلام آباد میں روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے کہ اسلام آباد میں آئندہ روڈ انفراسٹرکچر میں جدید فن تعمیر کے ساتھ ساتھ مستقبلکی ضروریات کو بھی مدِ نظر رکھا جائے تاکہ روز افزوں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباﺅ کو کم کرنے میں مدد ملے اور تعمیر کئے جانے والے منصوبے زیادہ دیر تک استعمال میں لائے جا سکیں کیونکہ ماضی میں مستقبل کی ضروریات کو مدِ نظر نہ رکھنے کے باعث ان منصوبوں میں جلد توسیع کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ اس سے بے جا اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ شیخ انصر عزیز نے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اسلام آباد ہائی وے ایک اہم شاہراہ ہے جس پر ٹریفک کا بے حد دباﺅ ہے لہذا اس دباﺅ کو کم کرنے کے لیے منصوبے کا بر وقت مکمل ہونا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی وے کو سگنل فری کوریڈور بنانے کا وزیر اعظم پاکستان کا وژن وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔ انہوں نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ کورال انٹر چینج کے مکمل ہونے والے حصوں کی لینڈ سکیپنگ شروع کر دی جائے۔