ثاقب نثار نئے چیف جسٹس آف پاکستان مقرر، 31 دسمبر کو عہدہ سنبھالیں گے

Dec 07, 2016 | 19:30

ویب ڈیسک

اسلام آبا (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس میاں ثاقب نثار کو سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دےدی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 175-A کی شق تین (آرٹیکل 177 کےساتھ ملا کر پڑھا جائے) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے چیف جسٹس کی تقرری کی ہے۔ وہ موجودہ چیف جسٹس عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج ہیں۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی 31دسمبر کو ریٹائرہو جائیں گے اور ان کی جگہ جسٹس میاں ثاقب نثار یہ عہدہ سنبھال لیں گے۔ جسٹس میاں ثاقب نثار سپریم کورٹ کے 25 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔وزارت قانون نے نئے چیف جسٹس کی 31 دسمبر سے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس میاں ثاقب نثار کے نام کی چیف جسٹس کے عہدے کے لیے منظوری دے دی جس کا اطلاق 31 دسمبر 2016 سے ہو گا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار 18 جنوری 1954 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ جسٹس میاں ثاقب نثار نے 1980 میں وکالت کا پیشہ اختیار کیا اور 1982 میں وہ ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ جبکہ 1994 میں سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ بنے۔ وہ 1991ءمیں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے جبکہ انہیں 29 مارچ 1997ءکو وفاقی سیکرٹری قانون مقرر کیا گیا۔ 1998 میں جسٹس میاں ثاقب نثار ہائی کورٹ کے جج کے عہدے پر فائز ہوئے جبکہ 2010 میں انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کردیا گیا۔ واضح رہے جسٹس انور ظہیر جمالی نے گزشتہ برس ستمبر میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

جسٹس ثاقب نثار

مزیدخبریں