ایڈیلیڈ (اے پی پی) آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 120 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ایڈیلیڈ میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 176 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 67 اور ووکس 5 رنز پر کھیل رہے تھے۔ ووکس اور جو روٹ اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں بغیر کوئی رن کے اضافہ کئے بغیر پویلین لوٹ گئے ووکس کو پانچ رنز پر ہازلیووڈ نے پائن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ جو روٹ چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 67 رنز پر ہازلیووڈ کی گیند پر پائن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، معین علی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور محض دو رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، اوورٹن آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے ، سٹورٹ براڈ انگلینڈ کی نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر پائن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، بائرسٹو آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 36 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ جیمز اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں کینگروز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم 354 رنز ہدف کے تعاقب میں 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شان مارش کو میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے پانچ، ہازلیووڈ اور نیتھن لیون نے دو،دو جبکہ کیومز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کیخلاف دوسرا ایشیز ٹیسٹ 120 رنز سے جیت لیا
Dec 07, 2017