لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا، مہمان ٹیم 10 جنوری کو پاکستان آنے کے بعد کراچی اور لاہور میں میچز کھیلے گی جبکہ ہال آف فیم ایوارڈ تقریب بھی سجائی جائے گی۔پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن، آسٹریلیا، ہالینڈ، اسپین اور بیلجیم کے اسٹار پلیئرز سے مزین ہاکی ورلڈ الیون 10 جنوری کو پاکستان پہنچے گی، پہلا میچ 12 جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا میچ 14 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ الیون کے دورہ کے موقع پر ہال آف فیم تقریب کراچی میں منعقد کی جائے گی جس میں غیرملکی سٹار پلیئرز کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ کیلئے پی ایچ ایف کو گرین سنگل دیا تھا۔