فیصل آباد+اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر جسٹس باقر نجفی انکوائری رپورٹ میں بہت سے پردہ نشینوں کو بے نقاب کردیا ہے مسلم لیگ ن کو مظلوم ’’سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء لواحقین کی بددعائیں‘‘ لے ڈوبیں۔ سیاست نہیں ہونی چاہیے شہداء کو انصاف ملنا چاہیے، پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس اپنے آپ کو خدا سمجھتے تھے لیکن خدا نے ان کا غرور توڑ دیا۔ لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری رپورٹ شائع کرنے کے فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عالیہ کا یہ فیصلہ عدل و انصاف کی بالادستی کا اظہار ہے۔ سابق وفاقی وزیر پٹرولیم سید نوید قمر نے کہا کہ فیصل آباد کے لاکھوں مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہے کئی ٹیکسٹائل ملز اور پاور لومز پچھلے دو ماہ سے نااہل شریفوں کی نالائقی اور بدانتظامی طرز حکمرانی سے بند پڑی ہیں جبکہ پورا ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے سانحہ ماڈل ٹائون پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ سندھ کے وزیر داخلہ انورسیال نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام ذمہ دارن کو اس بربریت پر انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا طاقت اور اختیار کے نشے میں چور حکمران خود کوبادشاہ اور عوام کو زر خرید غلام سمجھتے ہیں۔ لوگوں کو ماورائے عدالت شدید ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی قائدین نے اسلام آباد میں فیصل آباد کے ڈویثرنل صدر سید حسن مرتضی ‘ضلعی صدر چوہدری سعید اقبال ‘رانا شبیر حسین خاں ڈویژنل ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ ‘ ڈو یژنل نائب صدر چوہدری نجف ضیا وڑائچ ‘چوہدری شہباز احمد لونا ‘رائے عابد علی کھرل پیپلزپارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد اعجاز چوہدری ودیگر عہدیداراوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم پی اے سعید غنی نے کہا کہ ن لیگی حواریوں اور پی ٹی آئی کے سیاسی اناڑیوں کی تمام تر بدگمانیوں کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار ہے جب بھی پاکستان میں شفاف الیکشن ہوگا پیپلزپارٹی پورے پاکستان میں کامیاب ہوگی پیپلزپارٹی سندھ کی رہنما وایم این اے شازیہ مری ‘حیدرآباد سے پی پی صوبائی رہنما رابعہ میرانی نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ بہت افسوس ہے کہ سندھ کے لیے عدالتوں اور اداروں کا رویہ اور قانون الگ اور پنجاب کے لیے الگ ہے۔ خورشید شاہ نے کہاپیپلز پارٹی نے بڑے جلسے کرنے کی دعویدار ایک جماعت کا غرور توڑ دیا۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کے لیے پریڈ گرائونڈ چھوٹا پڑ گیا۔ ہمارے آدھے لوگ گرائونڈ کے اندر اور آدھے باہر تھے۔ سیالکوٹ، جہلم، لالہ موسی، کشمیر اور اٹک کے جلوس ٹریفک جام کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے۔ اور چالیس سے پچاس ہزار جیالے نیشنل ہائی وے پر تھے جو جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے۔ خورشید شاہ نے کہا بلاول بھٹو اپنے نانا کی طرح سیاست کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف سنگین مقدمات کے باوجود نہ کوئی گرفتاری ہے اور نہ ای سی ایل میں نام ہے جبکہ دوسری طرف شرجیل میمن خود پیش ہوا لیکن انصاف نہیں مل رہا۔ سپریم کورٹ کیلئے امتحان ہے، اب دوہرا معیار نہیں چلے گا۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کیخلاف دھرنے کی دھمکی دیدی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرکو قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کا جلسہ ناکام بنانے کیلئے ہمارے قافلوں کو روکا،حکومت کا یہی وطیرہ رہا تو ہم بھی دھرنوں پر مجبور ہو جائیں گے، پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس کا جلسہ ہماری اور مخالفین کی توقعات سے بڑھ کر تھا، پنجاب حکومت باقر نجفی کی رپورٹ کو مسلکی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے، ریاست کے اندر مذہب اور سیاست کے گٹھ جوڑ کو نہیں چلنے دیں گے، اگر آپ بے گناہ ہیں تو پھر گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔وہ یہاں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہوں ں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیش کردہ 6نکات پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں آج وزیراعلیٰ سندھ عدالت میں پیش ہوئے، ہمیں تو 32سیکنڈ کی سزا دی جاتی ہے پھر بھی نہیں کہتے کہ کیوں نکالا۔ پنجاب حکومت باقر نجفی رپورٹ کے مطابق ملزمان کو سزا دے، حقائق مسخ کرنے کی کوشش ناکام ہوگی، تحفظات ہیں تو عدالت جائیں، عدالت میں ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کو بلایا جاتا ہے، باقی صوبوں میں بھی صورتحال اچھی نہیں ہے، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ شائع ہونا ایک مرحلہ ہے، اس رپورٹ پر عملدرآمد کرانا اصل مرحلہ ہے، ریاست کے اندر مذہب اور سیاست کے گٹھ جوڑ کو نہیں چلنے دیں گے، اگر آپ بے گناہ ہیں تو پھر گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، نواز شریف فوج اور عدلیہ کو موردالزام ٹھہرانے کی باتیں کر رہے ہیں، جمہوریت کا ڈی ریل ہونا نواز شریف کے فائدے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت کا تاثر دیا جا رہا ہے، تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی آئے گی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکر ٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا کہ حکومت نے پیپلز پارٹی جلسے کیلئے رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی۔
اسلام آباد جلسہ میں قافلے روکے گئے پیپلز پارٹی نے دھرنے کی دھمکی دیدی
Dec 07, 2017