کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیں افسر بدعنوانی ختم نہیں کرسکتے تو قانون سازی کراکے حصہ مقرر کرلیں :ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جعل سازی کے مقدمے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔ افسر کرپشن ختم نہیں کر سکتے تو اس کے حق میں قانون سازی کرا لیں اور اپنا اپنا حصہ مقرر کر لیں۔ عدالت نے یہ ریمارکس رشوت لے کر جعلی فرد بنانے کے الزام میں گرفتار منشی کی درخواست ضمانت کی سماعت میں دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالعزیز نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ پٹواریوں اور تھانے کے تفتیشی افسروں نے رشوت لینے کے لئے نجی افراد کو ماورائے قانون منشی کے عہدے پر تعینات کر رکھا ہے۔ معمولی تنخواہ لینے والے پٹواری اور تفتیشی افسروں نے دس دس منشی پال رہے ہیں۔ انتظامی امور چلانا عدالتوں کا کام نہیں مگر غیر قانونی کام کرنے پر عدالتیں خاموش نہیں رہ سکتیں۔ ملکی نظام کو کرپشن نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ افسروں کی کرپشن اور نااہلی سے بڑے سانحات جنم لے رہے ہیں۔ کرپشن ختم نہیں کر سکتے تو قانونی تحفظ لے کر افسر اور اہلکار اپنے اپنے حصے مقرر کرا لیں۔ عدالت نے رشوت لے کر جعلی فرد بنانے کے الزام میں گرفتار منشی کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بناء پر نمٹا دی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...