فیصل آباد + ساہیوال / سرگودھا + لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + شفیق چودھری+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سجادہ نشین سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی نے رانا ثناء اور شہباز شریف کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر فیصل آباد کے تاریخی گرائونڈ دھوبی گھاٹ میں ’’ختم نبوت کانفرنس‘‘ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیں۔ نظام الدین سیالوی ایم پی اے خصوصی پیغام لیکر صاحبزادہ حامد رضا کے پاس پہنچے جس پر صاحبزادہ حامد رضا نے ان کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان میٹنگ کے بعد ختم نبوت کانفرنس کی اجازت کے لیے ڈی سی فیصل آباد کو تحریری درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 10دسمبر کو ختم نبوت کانفرنس کا بڑا اجتماع ہو گا۔رانا ثنا کومعافی بھی مانگنی ہے اور استعفیٰ بھی دینا ہے۔ نظام الدین سیالوی نے کہا کہ رانا ثنا کے شہر میں ختم نبوت کانفرنس کا مقصد انہیں استعفیٰ پر مجبور کرنا ہے۔ شہباز شریف کی درخواست پر ڈیڈ لائن میں توسیع کی تھی لیکن کو ئی خاطر خواہ جواب موصول نہیں ہوا۔ دوسری جانب صاحبزادہ محمد حمید الدین سیالوی نے لاکھوں عقیدت مندوں کے ساتھ مسلم لیگ ن سے لاتعلقی کا اعلان کردیا انہوں نے کہا کہ کہا کہ حکومت اجازت دے نہ دے ختم نبوتؐ کانفرنس 10 دسمبر کو فیصل آباد میں ہر صورت ہوگی۔ حکومت نے ایک شخص رانا ثناء اللہ کی خاطر ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے یہ شریف برادران کی عقلمندی نہیں۔ شہباز شریف نے پہلے صوبائی وزیر زعیم قادری کو سیال شریف بھیج کر وقت مانگا اس کے بعد خود رابطہ کرکے مہلت لی لیکن نہ ہی راناثناء اللہ کا استعفیٰ آیا اور نہ ہی ہمارے تحفظات دور ہوئے ۔ختم نبوتؐ اور ناموس رسالتؐ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتے ۔یہ بات انہوں نے سیال شریف میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ان کے ساتھ غلام بی بی بھروانہ ایم این اے ،مولانا رحمت اللہ ایم این اے ،نظام الدین سیالوی ایم پی اے ،محمد خان بلوچ ایم پی اے ،سابق ایم این اے سید جاوید حسنین شاہ اور آٹھ گدی نشینوں طاہر عمرشاہ ،شاہ جیونہ ،مولانا محبوب نبی نور پیر کوٹ،خواجہ محمد سلیمان ،مولانا شمس القمر،مولانا رحمت اللہ ،مولانا غلام فرید، مولانا زوار حسین شاہ اور دیگر علمائے ومشائخ عظام نے خواجہ محمد حمید الدین سیالوی کے فیصلہ کی تائیدکرتے ہوئے مسلم لیگ ن سے علیحدگی کااعلان کیا۔خواجہ محمد حمید الدین سیالوی کے بیٹے صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی نے کہاکہ قومی اسمبلی کے اندر ختم نبوتؐ کا متنازعہ بل پیش کرکے حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کی جس سے پاکستان کے مسلمانوں کے جذبات کی دل آزاری کی گئی ہم یہ بات دو ٹوک الفاظ میں بتانا چاہتے ہیں کہ ناموس رسالت ؐ کے مسئلہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا ہے اور نہ کریں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ساتھ نہیں دیں گے ۔دس دسمبر کے جلسہ دھوبی گھاٹ میں ارکان اسمبلی کے استعفیٰ باضابطہ طور پر دینے کا اعلان کرینگے ۔حکومت کے خلاف ختم نبوتؐ پر احتجاجی تحریک ملک بھر میں دس دسمبر سے شروع کردی جائے گی حکومت پنجاب ہمارے تحفظات دورکرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مذاکرات کے راستے کھلے رکھیں گے۔ خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کنویشن میں آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔ تحریک لبیک یارسولﷺ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خواجہ حمید الدین سیالوی کی دعوت پر 10 دسمبر کو فیصل آباد میں منعقد ہونے والی تاجدار ختم نبوتﷺ کانفرنس کی حمایت کا بھرپور اعلان کر دیا ہے۔ اے این این کے مطابق پیر حمید الدین سیالوی نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق توڑنے اور 10دسمبر کو ختم نبوت کانفرنس کے موقع پر 15ارکان اسمبلی کے استعفے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے اب ہمارا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے ڈیل کی باتوں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے استعفی کا مطالبہ حتمی ہے۔ لیگی رہنما استعفوں کے معاملے پر مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اس لئے میں حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں اور اب صرف رانا ثنا اللہ کا استعفی نہیں لیا جائیگا بلکہ استعفوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ جسٹس باقر نجفی رپورٹ، ٹرائل اور انکوائری میں بطور شہادت پیش نہیں ہو سکتی۔ رپورٹ صرف ایک رائے ہے۔ کمشن ذمہ داروں کے تعین میں ناکام رہا ہے۔ یہ بات ثابت ہو گئی کمشن کے پاس اختیار نہیں تھا۔ شہباز شریف نے احتیاط برتنے کا بیان سیکرٹری کو دیا تھا۔ پیر حمید الدین سیالوی کے اپنے سیاسی مفادات ہیں۔ نواز شریف ہی میرے پیر ہیں، صرف ان کے کہنے پر استعفیٰ دوں گا۔ دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ استعفیٰ کی ڈیمانڈ ساڑھے 4سال سے ہو رہی ہے۔ پیر حمید الدین اپنے بیٹے کو فیصل آباد سے انتخابات لڑانا چاہتے تھے۔ ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کی مخالفت شروع کر دی، 15 اراکان کون ہیں؟ استعفیٰ پیش تو کریں۔ حمید سیالوی 5 استعفے بھیج دیں منظور کر لیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ حمید سیالوی کی مخالفت کے باوجود ہم الیکشن جیت گئے تھے۔ پیر حمید الدین کی آج بھی اتنی ہی عزت کرتا ہوں جتنی پہلے کرتا تھا، میں نے ماڈل ٹاؤن میں انتظامیہ کو تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا، لوگوں کو مارنے کا حکم میں نے نہیں دیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے آپریشن روکنے کا حکم دیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، یہ کسی کے خلاف بطور شہادت پیش نہیں کر سکتے۔ ادھر پی ٹی آئی نے وزیر قانون پنجاب کے استعفے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
رانا ثنا کو جاناہوگا 10 دسمبر کو 15 ارکان اسمبلی مستعفی ہونگے :حمیدالدین سیالوی 4 ممبران سمیت مسلم لیگ ن سے الگ
Dec 07, 2017