اردن کیساتھ پارلیمانی روابط کے ذریعے دوستانہ تعلقات کو وسعت دی جائے: رضا ربانی

Dec 07, 2017

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی اشیائی خطے میں سیاسی بے چینی ، اندرونی خلفشار اور بیرونی مداخلتوں کے باعث اب ضروری ہوگیا ہے کہ امن و امان کے قیام کیلئے مل جل کر کوششیں کی جائیں اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے راہیں ہموار کی جائیں۔وہ بدھ کوشاہِ اردن عبداللہ دوئم اور اردن کے وزیراعظم ڈاکٹر ہانی الملکی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی سینیٹ کے ایک وفد کے ہمراہ اردن کے دورے پر ہیں۔ وفد میں سینیٹرز سردار اعظم خان موسیٰ خیل ، محمد جاوید عباسی اور بریگیڈیئر جان کنیتھ ویلمز شامل ہیں۔ اردن پہنچنے پر وفد کا استقبال اردن کی سینیٹ کے صدر عاکف الفیض نے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اور ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی سطح پر روابط کے ذریعے دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔۔ چیئرمین سینیٹ نے ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں آگاہ کیا۔ اردن کے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاکستان ، اردن سٹرٹیجک ڈائیلاگ منعقد کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزیدخبریں