وزیراعظم کی شاباش میری ٹیم کیلئے باعث افتخا ر ہے‘ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہوزارتِ خارجہ کی گذشتہ سو روزہ کارکردگی پر وزیر اعظم کی طرف سے دی جانے والی شاباش میرے لیے اور میری پوری ٹیم کے لیے انتہائی حوصلہ افزاء اور باعثِ افتخار ہے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم پہلی دفاعی لائن کے طور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں، ملکی موقف بین الاقوامی سطح پر پوری تندہی کے ساتھ پیش کرتے رہیں گے۔پاکستان کی خارجہ پالیسی کو علاقائی اور عالمی تناظر میں مثبت انداز میں، جدید خطوط پر آگے لے کر بڑھ رہے ہیں ۔پچھلے سو دنوں میں ہم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پر زور موقف دینے، جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، افغانستان میں قیام امن کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے ، ہمسایہ ممالک کے باہمی تعلقات کے از سر نو احیائ، عالمی سطح پر ناموس رسالت ص کو اٹھانے اور کرتارپور راہداری کھولنے سمیت سفارتی سطح پر بہت سی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ علاوہ ازیں پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ جرمن سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کے باعث دونوں ممالک کا سیاسی اور اقتصادی تعاون میں مزیداضافے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے معروف جرمن کارساز واکس ویگن کی طرف سے پاکستان میں کار سازی کی صنعت لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔

ای پیپر دی نیشن