اپوزیشن کا مائنس عمران ارمان پورا نہیں ہو گا، اپنے ہتھیار چار سال کیلئے پٹارے میں رکھے: فردوس عاشق

Dec 07, 2019

اسلا م آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مائنس عمران خان کا ارمان پورا نہیں ہو گا ، وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ، خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط ملک بنانے میں مصروف عمل ہیں ، اپویشن ان کی توجہ ہٹانے کے لئے کوئی نہ کوئی ایسا بیانیہ جاری کرتی ہے جس سے پاکستان کے مخالفوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔اپوزیشن کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اوزار اور ہتھیار اگلے چار سال کے لئے اپنے پٹارے میں واپس رکھیں اور حکومت بھی گڈول جیسچر کے طور پر ان کو اولیو برنانچ دینے کے لئے تیار ہے ۔حکومت پر تنقید کرنا اپویشن کا کام ہے اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا حکومت کا کام ہے اور ہم جمہوری اور پارلیمانی کردار میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔جب تک نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے کوئی حتمی خبر حکومت تک نہیں آتی اور عوام تک نہیں پہنچتی تب تک حکومت کوئی حتمی لائحہ عمل میڈیا کے ساتھ شیئرنہیں کر سکتی کہ نواز شریف کے علاج کے لئے لندن میں چار ہفتے کے قیام کی مدت میں توسیع کرے گی کہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے قانون سازی میں اپنا پارلیمانی کردار ادا کر رہی ہے وہ کوئی حکومت پر احسان تو نہیں کررہی ہے ،قانون سازی میں بات چیت کرنا اور اتفاق رائے پیدا کرنا جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوںنے کہا کہ جہاں اپوزیشن کی ذات کو فائدہ پہنچتا ہے تو وہاں وہ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت بھی کرتے ہیں اور پھر اتفاق رائے بھی ہوتا ہے لیکن جہاں ملک اورعوام کے مفاد کی بات آتی ہے تو وہاں اپوزیشن روائتی ہتھکنڈوں پر اتر آتی ہے، اپوزیشن کے ارمانوں میں سے ایک ارمان ہے کہ وزیر اعظم کو مائنس کر دیا جائے ، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور معاشی محاذ پر مثبت سمت میں رواں دواں ہے اور معیشت کی جو پٹڑی ہے وہ اپنی منزل کی طرف چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے بھائی کی صحت میں سہولت کاری کے لئے لندن گئے ہیں اور وہ میڈیا سے مخاطب ہوتے ہیں لیکن اپنے بھائی کی صحت کے حوالہ کوئی خبر میڈیا اور پاکستانی عوام سے شیئر نہیں دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان میں غریب اور عام شہریوں کو اپنے گھر کی چھت کا تحفظ دینے کے لئے پیش رفت تیزی سے جاری ہے، وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں، تعمیر شدہ گھر کی فروخت کے مرحلے پر فکس ٹیکس کا نفاذ اور تعمیراتی مرحلے پر سیلز ٹیکس کا خاتمہ شعبہ تعمیرات کے فروغ اور ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں۔

مزیدخبریں