غلام علی کے الزامات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں،گلزارفیروز

Dec 07, 2019

کراچی(کامرس رپورٹر) ترجمان یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)گلزارفیروزنے کہا ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس میں اپوزیشن گروپ کے رہنماحاجی غلام علی کی جانب سے امریکا کے دورے پر گئے ہوئے کسی بھی وفد پرایف پی سی سی آئی کی سرپرستی یا ویزے دلوانے میں کسی بھی کردارکے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی نے امریکاجانے والے کسی بھی وفد کے ویزے نہیں لگوائے اور نہ ہی مذکورہ وفد کی تشکیل میں فیڈریشن کا کوئی کردار تھا،غلام علی کے الزامات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں۔ترجمان یو بی جی نے کہا کہاگر اس وفد میں فیڈریشن کا کوئی عہدیدار شامل بھی تھا تو وہ اپنی ذاتی حیثیت میں تھااسے ایف پی سی سی آئی نے مقرر نہیں کیا تھا اس لئے اپوزیشن کی جانب سے لگائے گئے الزامات ڈھکوسلہ ہیں،غلام علی کودراصل فیڈریشن کے انتخابات میں مسلسل پانچ سال شکست کا غم ہے اور چھٹے سال بھی انہیں اپنے گروپ کی شکست یقینی دکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے وہ الزامات کی سیاست پر اتر آئے ہیں۔گلزارفیروز نے کہا کہ غلام علی،انجم نثار اور بزنس مین پینل کے شکست خوردہ رہنمائوں سے کہا کہ جب انکی خواہش پوری نہ ہوتی ہوتو پھروہ ایسی بات کی خواہش کریں جو پوری ہوسکتی ہو،غلام علی نے یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان کی کاروباری برادری کے بے داغ رہنما ایس ایم منیر پر جو الزامات عائد کئے اگر وہ اپنا چہرہ خود آئینے میں دیکھ لیتے تو شائد ایس ایم منیر پر جھوٹے الزامات عائد کرنے کی ہمت نہ کرپاتے لیکن وہ خیال رکھیں کہ جو دوسروں کو بدنام کرتا ہے وہ خود بھی چوٹ سے بچا نہیں رہتا۔ گلزارفیروز نے کہا کہ غلام علی فیڈریشن الیکشن میں چندامیدواروں کے سہارے یو بی جی کے مقابلے پرآئے ہیں جبکہ خوداپنے صوبے خیبرپختونخوا سے اپنا امیدوار کامیاب نہیں کراسکتے کیونکہ کے پی کے میں یو بی جی کے سینئررہنما سینیٹرالیاس احمدبلورکی اکثریت ہے۔یو بی جی ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن گروپ کے سربراہ انجم نثارکا گروپ مسلسل پانچ سال سے فیڈریشن میں بدترین شکست سے دوچار ہورہا ہے اور وہ خود بھی صداور سینئرنائب صدر کا الیکشن ہار چکے ہیں ،اب کیمیکل ایسوسی ایشن میں زبیرطفیل کے مقابل شکست کھا چکے ہیں جس کے بعد انہوں نے فیڈریشن کیلئے اپنی نامزدگی فٹ ویئرایسوسی ایشن سے کرائی ہے اور ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے خالدتواب کے روبرو یہ تسلیم کیا ہے کہ انکا فٹ ویئرانڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ فٹ ویئرانڈسٹری کو کیمیکل سپلائی کرتے ہیں ،اب انکا کیس ڈی جی ٹی او کے پاس ہے اورجلد ہی دودھ کا دودھ پانی کاپانی سامنے آجائے گا۔

مزیدخبریں