کوئٹہ (نیٹ نیوز)کوئٹہ میں محکمہ تعلیم اور حکومت کی بے حسی کی انتہا نے سخت سردی میں طلبہ کا امتحان دوہرا کردیا۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرد زون میں واقع 21 اضلاع میں اسیسمنٹ ایگزامینیشن کمیشن کے تحت مڈل کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔امتحان دینے والے طلبہ کے لیے افسوسناک حد تک سہولیات کافقدان ہے، شدید سرد موسم میں نہ تو ان کے لیے مناسب کمرہ امتحان کا بندوبست ہے، نہ ہی گیس ہیٹرز اوربیٹھنے کے لیے کرسی اور میز کا انتظام ہے۔شہر کے وسطی علاقے میں گورنمنٹ سپیشل ہائی سکول میں قائم امتحانی مرکز میں طالب علم سرد موسم میں کمروں کی بجائے سکول کی راہداریوں میں فرش پر امتحان دینے پر مجبور ہیں۔طلبہ کا کہنا تھا شدید سرد موسم میں ٹھنڈے فرش پر بیٹھ کر امتحان دینا انتہائی مشکل کام ہے۔دوسری جانب خبر کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے سیکنڈری ایجوکیشن حاجی محمد خان لہری نے سہولیات کے فقدان کا نوٹس لیتے ہوئے طلبہ کے لیے ہر ممکن سہولت دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔قائم مقام ناظم مڈل امتحان عارف شاہ کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔