قاسم سوری سے ملاقات‘ اختر مینگل کا طلبہ یونینز کی بحالی کیلئے قرارداد لانیکا اعلان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سرداراخترجان مینگل کی سربراہی میںبی این پی کے وفد نے جمعہ کو اسلام آباد میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں آواران میں گرفتار خواتین کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے قاسم خان سوری نے کہاکہ بلوچستان میرا گھر ہے یہاں کے عوام کی ترقی ،خوشحالی اور تقدس کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا، انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز آواران سے گرفتار خواتین کو فوری طورپر رہاکیاجائے کیونکہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے ہمارے ہاں کسی بھی معاملے میں چاہے وہ گھریلو جھگڑاہو یا قبائلی رنجشیں خواتین کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے طلباء یونینز کی بحالی کے حوالے سے قومی اسمبلی میں قرار داد لانے کا اعلان کر دیا۔ ہمارا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ جتنا جلد ی ہو طلبا یونینز کو بحال کیا جائے اور اس سلسلے میں ہم پارلیمان میں آواز بلند کریں گے انہوں نے کہا ہے کہ طلبا یونینز کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہر کوئی سمجھتا ہے، طلبا یونینز سے ملکی سالمیت کو خطرہ ہے اس سے احمق ترین کوئی نہیں ہو سکتا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہا ئوس کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ طلبا یونینز پر پابندی کسی جمہوری حکومت میں نہیں لگائی گئی بلکہ ایک ڈکٹیٹر کے دور حکومت میں لگی۔

ای پیپر دی نیشن